ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کے بعد قطر سے وطن واپس پہنچی تو ہزاروں مداحوں نے ٹیم کا شان دار استقبال کیا۔
پیر کی شب ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا ریڈ کارپٹ استقبال ہوا جس کے بعد ٹیم ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کے تربیتی مرکز روانہ ہوئی۔
فٹ بال ایسوسی ایشن کے تربیتی مرکز کے باہر میسی کے پوسٹرز اور جھنڈے تھامے ہزاروں مداحوں نے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے حق میں نعرے لگائے۔
ارجنٹائن کی فٹ بال فیڈریشن کے مطابق ورلڈکپ جیت کا جشن منگل کو دارالحکومت بیونس آئرس کی تاریخی یادگار اوبلسک کے مقام پر منایا جائےگا جس میں میسی کی قیادت میں فاتح ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوں گے۔
ارجنٹائن کی حکومت نے منگل کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ شہری بھرپور انداز میں ورلڈکپ کی جیت کا جشن منا سکیں۔