کلر سیداں (نامہ نگار)حلقہ پی پی 7تحصیل ہائے کلر سیداں اور کہوٹہ کی ایم سیز اور یو سیز چیئر مینوں کا ایک مشترکہ اجلاس پیر کی شام کلر سیداں میں میجر عبدالرؤف چیئر مین یوسی مواڑہ کی صدارت میں منعقد ہواجس میں چیئر مین ایم سی کہوٹہ راجہ ظہور اکبر، وائس چیئر مین ملک غلام مرتضیٰ،وائس چیئر مین ایم سی کلر سیداں چوہدری محمد ضیارب منہاس کے علاوہ چیئر مین راجہ عامر مظہر،چوہدری صداقت حسین راجہ اشتیاق حسین، چوہدری شفقت محمود،راجہ پرویز اختر قادری، ماسٹر محمد یونس، بلال یامین ستی، سید راحت علی شاہ، راجہ ظفر بگھاروی،سجاد ستی، راجہ محمد فیاض،وقار ڈار، ٹھیکیدار بشارت اور راجہ ندیم نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ قراردار منظور کی گئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ایم سی اور یوسیز کے چیئر مین تین جون بروز جمعرات صبح دس بجے اپنی اپنی یوسیز میں اجلاس منعقد کریں گے۔اس موقع پر عدالت سے بھی رجوع کر نے کا فیصلہ کیا گیا۔میجر عبدالرؤف نے خطاب کرتے ہوئے کہ کہ بلدیاتی اداروں کی معطلی پنجاب حکومت کا غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی فیصلہ تھا پنجاب حکومت نے عمران خان کے اس ویژن کی بھی خلاف ورزی کی جس کے مطابق وہ بلدیاتی اداروں کو زیادہ با اختیار بنانا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آ ج ارکان اسمبلی بلدیاتی اداروں کے فنڈز استعمال کر رہے ہیں ان کا یہ اقدا م بھی غیر قانونی ہے جسے آئندہ چند ایام میں عدالت میں چیلنج کریں گے۔راجہ عامر مظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کو غیر فعال کر رکھا ہے یوسیز کو ختم کر کے ان کے دفاتر کو فیلڈ آفس کا نام دے دیا گیا ارکان اسمبلی بلدیاتی اداروں کے فنڈز استعمال کر رہے ہیں۔راجہ اشتیاق حسین نے کہا کہ منتخب بلدیاتی اداروں کا ایک برس مسلم لیگ ن اور دو برس پی ٹی آئی نے ضائع کر دئیے۔چیئر مین ایم سی کہوٹہ راجہ ظہور اکبر نے کہا کہ ہمیں عوام نے پانچ برس کے لیے منتخب کیا ہے سپریم کورٹ نے ہمیں بحال کیا ہے ہم تین جون کو بلدیہ دفتر جا کر اجلاس منعقد کریں گے۔بلال یامین ستی نے کہا کہ ارکان اسمبلی بلدیات کو قبول نہیں کرتے پی ٹی آئی کی حکومت کئی برسوں بعد بھی کسی ایک بلدیاتی ڈھانچے پر متفق نہیں ہو سکی ہے۔راجہ ظفر بگھاروی نے کہا کہ ارکان اسمبلی تحصیل کونسل کے کروڑوں کے فنڈز استعمال کر کے غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں۔راجہ محمد فیاض نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے آج بھی اپنے اتحاد کی بدولت دفاتر میں اجلاس منعقد کر سکتے ہیں۔چوہدری صداقت حسین نے کہا کہ حکمران بلدیاتی اداروں سے تعصب اور بغض رکھتے ہیں۔وقار ڈار نے کہا کہ پنجاب بھر کے پچاس ہزار سے زائد بلدیاتی ارکان کو حکومت اجلاس منعقد کر نے سے نہیں روک سکتی۔سید راحت علی شاہ،پرویز اختر قادری، ماسٹر محمد یونس اورراجہ ندیم نے بھی خطاب کیا۔