کلر سیداں کے نواحی علاقہ بیول ٹکال روڈ پر ڈکیتی کی واردات

Pinterest LinkedIn Tumblr +

کلر سیداں (نامہ نگار)کلر سیداں کے نواحی علاقہ بیول ٹکال روڈ پر ڈکیتی کی واردات میں چار ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر پوسٹ ماسٹر سے ساڑھے 18 لاکھ روپے کی رقم چھین لی اور موقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔کلر سیداں کے علاقے ٹکال میں واقع پوسٹ آفس کے پوسٹ ماسٹر محمد افضل نے بتایا کہ وہ پرائیویٹ گاڑی کیری ڈبہ میں بیول بنک سے ساڑھے 18 لاکھ روپے کی کیش جو کہ پنشنرز کو ادا کرنی تھی نکلوا کر واپس آ رہا تھا کہ ٹکال کے قریب برج کے مقام پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوؤں نے گاڑی پر فائرنگ شروع کر دی اور اسلحہ کی نوک پر تمام رقم چھین کر موقع سے فرار ہو گئے۔ڈکیتی کا یہ واقعہ تھانہ گوجر خان کی پولیس چوکی جبر کی حدود میں پیش آیا۔پرائیویٹ گاڑی میں گن مین یا سکیورٹی اہلکار تک موجود نہیں تھا پوسٹ ماسٹر نے گاڑی میں دو عدد پنشنرز کو ساتھ بیٹھایا ہوا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گوجر خان پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ادھرڈویژنل سپرنٹنڈنٹ مری کہوٹہ ڈویژن راولپنڈی نواز کھوکھر اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کلر سیداں سب ڈویژنل محمد اویس بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور معاملہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

Share.

Comments are closed.