اطلاع یابی کیلئے جانے والے پولیس کانسٹیبل کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا

Pinterest LinkedIn Tumblr +

کلر سیداں (نامہ نگار) اطلاع یابی کیلئے جانے والے پولیس کانسٹیبل کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔ یہ واقعہ چوکپنڈوری شہر میں گزشتہ رات پیش آیا جہاں تھانہ کلر سیداں کی پولیس چوکی چوکپنڈوری میں تعینات کانسٹیبل حسنین اشفاق نے تھانہ کلر سیداں میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ توقیر احمد سکنہ موہڑہ حیال نے محمد جمال سکنہ گرمالی کیخلاف درخواست دے رکھی ہے۔گزشتہ رات بوقت 8/20کے قریب نماز تراویح ڈیوٹی کیلئے حبیب مسجد چوکپنڈوری موجود تھا کہ درخواست دہندہ توقیر احمد نے مجھے آ کر بتایا کہ محمد جمال اس وقت مسجد کے سامنے عوامی ہوٹل میں موجود ہے اس کی چوکی کیلئے اطلاع یابی کرائی جائے تو میں نے اس کے پاس جا کر کہا کہ آپ کیخلاف پولیس چوکی میں درخواست ہے آپ کل دن کو چوکی پر آ جائیں جس پر اس نے اس بات کا برا منایا اور میرے ساتھ بحث مباحثہ شروع کر دیا۔اتنے میں اس کا ساتھی جس کا بعد میں نام و پتہ حسن نواز سکنہ میانہ موہڑہ معلوم ہوا نے اپنی ڈب سے پسٹل 30 بور نکال کر قتل کرنے کی نیت سے سیدھا فائر مجھ پر کیا جو مجھے بائیں ٹانگ کی پنڈلی پر لگااور میں گر گیا اور ملزم موقع سے فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گیا۔ادھر واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او کہوٹہ فرحان سلیم اور قائم مقام ایس ایچ او تھانہ سب انسپکٹر سردار عنصر محمود پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور علاقہ کی ناکہ بندی کے باوجود ملزم فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گیا۔

Share.

Comments are closed.