رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد نے بدھ کے روز کلر سیداں میں قائم رمضان سستا بازار کا باضابطہ افتتاح

Pinterest LinkedIn Tumblr +

کلر سیداں (نامہ نگار) رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد نے بدھ کے روز کلر سیداں میں قائم رمضان سستا بازار کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔رمضان المبارک کے دوران مہنگائی پر کنٹرول اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور رمضان سستا بازار بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے رمضان کے مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پانچ ارب سے زائد کے پیکج کا اعلان کیا ہے اور رمضان سستے بازاروں میں عوام کو معیاری اشیائے ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر ایم پی اے نے خریداری کیلئے آنے والے مرد و خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے ان سے اشیائے ضروریہ کے نرخوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا اور تمام اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان سستا بازار میں آٹا چینی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں مارکیٹ ریٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں اور اس دوران کرونا کی موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی موجودگی کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ پرائس کنٹرول سسٹم کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے مرتکب افراد کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کا مفادسب سے زیادہ عزیر ہے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

Share.

Comments are closed.