سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار جلد مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں’غلام مرتضی ستی

0

کلر سیداں(راجہ سعید) پی ٹی آئی کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی نے دعوی کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار جلد مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد عمران خان انہیں گورنر پنجاب تعینات کریں گے ۔انہوں نے ایم سی کلر سیداں کے کونسلر ساجد محمود بٹ کی بھانجے حافظ محمد لقمان کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چوہدری نثار علی خان کا مستقبل اب تاریک ہوگیا ہے اور وہ بہت جلد مسلم لیگ (ن) کو چھوڑنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ ضلع کوہسار کے قیام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی بد نیتی ظاہر ہوتی ہے ۔وزیر اعظم نے محض تحصیل کوٹلی ستیاں کی عوام کی ناراضگی کا ازالہ کرنے کیلئے ضلع کوہسار کے قیام کا شوشہ چھوڑ دیا ہے ، اگر ایسا ہوا تو ہم عدالت جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے انتخابات وقت پر ہونے کے باوجود عام انتخابات وقت پر ہوتے دیکھائی نہیں دے رہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو عدالت عظمی کی جانے سے دی گئی نااہلی کی سزا ہضم نہیں ہو رہی۔ جب راہزن رنگے ہاتھوں پکڑلیا جائے تو وہ نواز شریف کی طرح گلی محلوں میں شور مچانا شروع کر دیتا ہے۔سینیٹ کے انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی آصف علی زرداری کے بیگ کی نذر ہو گئی ہے تا ہم کے پی کے میں ایسا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے آئینی ترمیم کے مسودے کا مقصد پارلیمانی ادارے کو اعلی عدلیہ میں ججز کے تقرر کے متعلق فیصلہ کن اختیار دینا ہے تا کہ حکمران ماضی کی طرح ججز سے اپنی مرضی کے فیصلے حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ 175 اے اور 179کے آئین میں ایسی ترامیم لائی جا رہی ہیں جن میں ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار وضع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس آئینی مسودے کے تحت آرمی چیف،وزیر دفاع اور تینوں فورسز کے چیفس کی پاورز،مدت اور ٹی او آر تبدیل کرنے کی سازش تیار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات نہ صرف آئین کی روح کے منافی ہیں بلکہ ملکی سرحدوں کو چھیڑنے کے مترادف ہو گا جس سے ملک میں شدید بد امنی پھیلنے کا اندیشہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپٹ ہے نہ ہی وہ کرپٹ لوگوں کو پسند کرتا ہے، 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہونگے۔پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر ہارون کمال ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Share.

Comments are closed.