او پی ایف سکولز سسٹم ملک میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ،سیف الرحمان

0

کلر سیداں(راجہ سعید)ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن او پی ایف سیف الرحمان نے کہا ہے کہ او پی ایف سکولز سسٹم ملک میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ،اسلام آباد میں او پی ایف یونیورسٹی کا قیام اس سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔او پی ایف ملک بھر میں 25 تعلیمی اداروں میں 17 ہزار طلبہ و طالبات کو جدید معیاری تعلیم فراہم کر نے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس شعبہ میں او پی ایف کو 2.2 ملین خسارے کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود تعلیمی ادارے بند نہیں کئے جائیں گے کیونکہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی اس کے نوجواں کی تعلیم سے مشروط ہے۔انہوں نے گزشتہ روز کلر سیداں میں او پی ایف پبلک سکول کی سالانہ تقریب انعامات کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن اپنی درخشان روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے نوجوانوں کی کردار سازی کر تی ہے جو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں جس کی وجہ سے ہمارا ادارہ ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت میں پیش پیش ہے ۔انہوں نے او پی ایف سکول کلر سیداں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ علاقہ کی بہترین درسگاہ کے طور پر پہچانہ جاتا ہے۔۔مہمان خصوصی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مذہبی،معاشرتی اور ملکی ترقی کیلئے تعلیم کا حصول ناگزیر ہے۔ اوور سیز پاکستان فاؤنڈیشن طلباء و طالبات کی کردار سازی اور جامع و ٹھوس پالیسی پر عمل پیرا ہے جس سے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں ۔قبل ازیں پرنسپل شگفتہ وحید نے سکول کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔تقریب کے دوران بچوں نے رنگا رنگ پروگرام جن میں ٹیبلو، مزاحیہ خاکے اور ملی نغمے شامل تھے پیش کئے اور حاضرین نے کھل کر داد وصول کی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اوپی ایف محمد فیصل،پرنسپل شگفتہ وحید،سابق پرنسپل تبسم ناز،پرنسپل او پی ایف پبلک سکول راولپنڈی بشرہ بشیر اور والدین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔

Share.

Comments are closed.

error: